شیئر کیجیے

ہر چار میں سے ایک ہندوستانی کورونا وائرس میں مبتلا ہوسکتا ہے: تھائرو کیئر سروے رپورٹ

نئی دہلی، 20 اگست: ایک معروف نجی لیبارٹری کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں کم از کم ہر چار میں سے ایک شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہوسکتا ہے، جو سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

ڈاکٹر اے ویلومانی نے کہا کہ ان کی کمپنی تھائروکیئر نے ہندوستان بھر میں کروائے گئے 270،000 اینٹی باڈی ٹیسٹوں کے تجزیے میں اوسطاً 26 فیصد لوگوں میں اینٹی باڈیز کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ وہ پہلے ہی کورونا وائرس سے دوچار ہوچکے ہیں۔

ویلومانی نے خبر رساں ایجنسی ریوٹرز کو بتایا ’’یہ ہماری توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ اینٹی باڈیز کی موجودگی بچوں سمیت ہر عمر کے گروپوں میں یکساں ہے۔‘‘

تھائروکیئر کی کھوج ممبئی جیسے ہندوستانی شہروں میں کیے گئے سرکاری سروے کے مطابق ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی گھنی آبادی والے علاقوں میں 57 فیصد آبادی کورونا وائرس کی زد میں آچکی ہے۔

ویلومانی نے مزید کہا کہ تھائروکیئر کے سروے میں پچھلے سات ہفتوں سے ہندوستان کے 600 شہروں میں متاثرین کے ٹیسٹ کا احاطہ کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو دسمبر کے اختتام سے قبل اینٹی باڈیز رکھنے والی ہندوستانی آبادی 40 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک دن میں ملک میں 70,000 کے قریب نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔