اے ارض فلسطین

سرفراز بزمی
فروری 2024

نہ اسیر گنبد شاہ کا، نہ فقیر حسن نگاہ کا

نہ حریص تاج و کلاہ کا، نہ مرید دولت و جاہ کا

نہ سکندری سے کوئی غرض نہ مریض خوف سپاہ کا

نہ مفکروں میں شمار کر نہ مناظروں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوئی ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

ابھی شوق ہے میرا نا رسا، ابھی نیم رس میرا میکدہ

یہ حنین و بدر کے راستے ‘ کہیں تشنگی کہیں کربلا

میرا سر گرے، تیری راہ میں یہی آرزو یہی التجا

وہ جو شب سے برسرِ جنگ ہیں انھیں جگنوؤں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوئی ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

میرے راستوں میں قدم قدم جو لہو کے نقش و نگار ہیں

تری چاہ ہیں، ترا شوق ہیں، ترا عشق ہیں، ترا پیار ہیں

مجھے خوف طولِ سفر نہیں، کہاں منزلیں کہاں دار ہیں

کبھی خیبروں میں تلاش کر کبھی حیدروں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوء ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

جو فصیلِ شہر پہ جگمگا تی سی روشنی کا ظہور ہے

ترے جگنوؤں کا طفیل ہے، مری بے خودی کا ظہور ہے

ترے کج کلاہوں کے سامنے مری کجروی کا ظہور ہے

وہ جو کٹ مریں ترے نام پر انھیں بے خودوں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوئی ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

 تیری جستجو، تیری آرزو، تیری بندگی، میری آبرو

میں حقیر قطرہء آب جو تو ہی یم بیم تو ہی جو بجو

 ہے پیام تیرا ہی کو بکو، ہے نظام تیرا ہی چار سو

مجھے مثل نکہت گل کہیں تیری خوشبوؤں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوء ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

نہ شفق میں ہیکوئی سرمگی نہ گلوں میں ہے کوئی تازگی

یہ جلے جلے کہیں آشیاں، یہ بجھی بجھی کہیں روشنی

کہ حدی کی لے، ذرا تیز کر کہیں سو نہ جائے ضمیر بھی

وہ پرند نغمہ سرا ہوئے، وہ نقاب روئے سحر اٹھی

وہ نقاب روئے سحر اٹھی میرے آبلوں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوء ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

اسے عزمِ قلبِ صہیب دے، اسے سوزِ روح بلال دے

وہ یقین دے وہ کمال دے وہ عزیمتوں کی مثال دے

جو فراز دار ہو سامنے، تو ہجوم شوقِ وصال دے

میں ہوں تیرا بزمِء ناتواں ترے مجرموں میں تلاش کر

جو ڈٹی ہوء ہیں محاذ پر مجھے ان صفوں میں تلاش کر

 سرفراز بزمی

 سوائی مادھوپور راجستھان انڈیا

qr code

Please scan this UPI QR Code. After making the payment, kindly share the screenshot with this number (+91 98118 28444) so we can send you the receipt. Thank you for your donation.