ناشر کا خط
قارئین کرام
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
غزہ کی جنگ رکنے کا ہی نام نہیں لے رہی ہے۔ ہر روز ظلم وجبر کی ایک نئی اور دردناک داستان سامنے آجاتی ہے۔ بھک مری بھی اس بہیمانہ جنگ کا ایک کربناک ہتھیار بن گئی ہے۔ ظلم وجبر کی داستانیں دنیا کے سامنے لانے والے صحافی بھی بخشے نہیں جارہے ہیں۔ جنگ بندی کی کوششیں بھی بے سود ہوتی جارہی ہیں۔ سرورق کی کہانی “غزہ پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ اور اس کے عواقب “ میں سینئر صحافی غطریف شہباز ندوی نے اس جنگ کے مضمرات اور خطہ پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا ہے۔ عبدالعلیم الاعظمی نے “ غزہ میں صحافت ایک جان لیوا جرم“ میں جائزہ لیا ہے کہ دنیا بھر کے صحافی کس طرح جان جوکھم میں ڈال کر ظلم و جبر کی داستانیں دنیا کے سامنے لارہے ہیں اور ظالم اسرائیل کو ان کا یہ عزم اور حوصلہ ایک آنکھ نہیں بھارہا ہے اور اب وہ ان کی جان کے بھی درپے ہوگیا ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما راہول گاندھی کے ذریعہ ووٹ چوری کا جو ایٹم پھوڑا گیا اس نہ صرف الیکشن کمیشن آف انڈیا بوکھلایا ہوا ہے بلکہ حکومت کے ایوانوں میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے۔ “ووٹ چوری اسکینڈل۔ مودی اور امت شاہ کا زوال شروع“ میں عبدالباری مسعود نے حکومت کی بوکھلاہٹ اور اس کے ایوانوں میں مچنے والی کھلبلی کو بے نقاب کیا ہے۔
سابق نائب صدر دھنکر کے استعفی’کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہےاور اب نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب پر دونوں طرف جو صفیں بچھ گئی ہیں اس نے اس انتخاب کو کافی دلچسپ بنادیا ہے، ملاحظہ فرمائیے سینئر صحافی سہیل انجم کے تحریر “ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کو متنازعہ بنادیا گیا“ میں۔
اس بار سینئر صحافی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے سابق صدر سید انور حسین کی خصوصی تحریر ملاحظہ فرمائیے جو اے ایم یو کے داخلی معاملات اور اندرونی خلفشارکو واضح طور پر اجاگر کرتی ہے۔
افغانستان کی آزمائشیں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں، پہلے ایک سپر پاور سے پنجہ آزمائی پھر دوسرے سپر پاور کے ساتھ 20 سال تک طویل جنگ دونوں کو شکست دینے کے بعد ابھی اپنی گرتی معیشت کو سنبھال بھی نہیں پائے تھے کہ پاکستان اور ایران سے افغان پناہ گزینوں کی جبری واپسی نے ایک نئے امتحان سے دوچار کردیا۔ ابوظفرعادل اعظمی نے اپنی تحریر “ افغان پناہ گزین۔ قصہ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم “ میں اس داستان الم کو بیان کیا ہے۔
اس کے علاوہ کئی اور اہم موضوعات پر خصوصی تحریریں آپ کو دعوت مطالعہ دے رہی ہیں۔ ربیع الاول کی مناسبت سے، مسعود محبوب خان کی خوبصورت تحریر “ سیرت مصطفے صل اللہ و علیہ وسلم کے درخشان لمحات“ ضرور ملاحظہ فرمائیں۔
والسلام
ناشر