ناشر کا خط

ستمبر 2024

قارئین کرام

سلام مسنوں

بنگلہ دیش میں طلباء کی عوامی تحریک کے ذریعہ حسینہ واجد کی مطلق العنان حکومت کے خاتمہ کے بعد اس وقت محمد یونس کی قیادت میں  ایک عبوری حکومت برسراقتدار ہے۔ عبوری  حکومت کے سامنے ایک چیلنج تین سے چار ماہ کے عرصہ میں  انتخاب کروانا ہے تو دوسری  طرف 15, برس کی تاناشاہی نے پولس اور بیوروکریسی کے اندر جو رعونت، ظلم و جبر اور کرپشن کی جو روایت پروان چڑھائی ہے اس کی اصلاح اور ایسے افسران جن کے خلاف لا تعداد شکایتیں ان پر حکمت کے ساتھ قانونی  کاروائی  بھی کرنا ہے۔ محمد یونس کا خیال ہے کہ ان تمام کاموں  کے لئے 6, برس لگ سکتے  ہیں، جب کہ بی این پی کی قائد خالدہ ضیا جلد از جلد انتخاب چاہتی ہیں البتہ جماعت اسلامی  کے امیر کا خیال ہے کہ ماننا ہے کہ دو سال کا عرصہ مذکورہ اصلاحات  کے لئے کافی ہوگا۔ انقلاب کی روح روان طلبا برادری پولس اور تعلیمی  اداروں  کے سربراہ جنہوں نے زیادتیاں  کیں اور متعدد طلبا کے قتل کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف فوری  کاروائی کی جائے۔ تیسری  طرف بھارت سمیت کئی دیگر ممالک جن سے رشتوں  میں کھٹاس پیدا ہوئی ہے، ان کے تعلق سے بھی عملی رویہ اختیار کرنا۔ سینئر صحافی سید خالد حسین  نے سرورق کی کہانی ” نیا بنگلہ دیش ۔ توقعات و خدشات ان تمام پہلوؤں پر سیر حاصل بحث کی ہے۔

گزشتہ دنوں ایک اہم مصنف، قلم کار اور کئی اہم موضوعات پر دستاویزی کتابیں  تحریر کرنے والی  شخصیت جنہیں سینئر  صحافی نے افتخار گیلانی نے بجا طور علم کا سمندر کہا ہماری مراد محترم اے جی نورانی سے ہے 93, برس کی عمر میں  اللہ کو پیارے ہوگئے۔ افتخار گیلانی ان کی زندگی کے ان گوشوں کو اجاگر کیا ہے جو اگر سامنے نہیں  آتے تو قارئین ان اہم، دلچسپ اور انوکھی معلامات سے شاید محروم رہ جاتے۔ اس تحریر کا مطالعہ دلچسپی سے خالی نہیں  ہوگا۔

بحث و نظر کے کالم میں اس بار مسلم پرسنل بورڈ  کے صدر اور نامور عالم دین و فقیہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا اہم اور چشم کشامضمون “وقف بل۔ حقائق اور غلط فہمیاں” ملاحظہ فرمائیں۔

وطن، وطنیت اور حب الوطنی کا مسئلہ ہمیشہ متنازعہ رہا۔ بالخصوص  یوروپ میں ابھر ے نیشن اسٹیٹ کے تصور نے دو ہولناک عالمی جنگوں کا راستہ ہموار کیا تھا۔ ہندوستان  میں بھی حب الوطنی کے کے اکثر نئے نئے تقاضے اور مطالبات سامنے آتے ہیں۔ ابوظفرعادل  اعظمی نے اسلامی تعلیمات  کی روشنی میں وطن کیا ہے، وطن کی حدود کیا ہیں اور واقعی تقاضے کیا ہیں اس کا تجزیہ کیا ہے۔ البتہ ایک مسئلہ  ابھی باقی ہے حب الوطنی کب وطن پرستی میں تبدیل  ہوجاتی ہے۔ اقبال نے’ ان تازہ خداؤں میں  بڑا سب سے وطن ہے، کس تناظر میں  کہا ہے۔ بھارت  میں  جہان وطن نے ایک دیوتا کی حیثیت اختیار کرلی ہے، مسلمانوں سے بھی اکثر ایسے مطالبے کئے جاتے ہیں جو بجا طور پر ان عقیدہ توحید سے راست متصادم ہوتے ہیں۔ ان شاءاللہ کسی وقت ان پہلوؤں پر بحث چھیڑی جائے گی۔

ان کے علاوہ کئی اہم عنوانات پر افکار کے نامہ نگاروں نے حالات حاضرہ پر بڑی اہم معلومات، واقعات اور ان کا تجزیہ پیش  کیاہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ملک میں ہونے اہم  ڈیولپمنٹ سے آپ کو صرف واقف ہی نہیں  کرایا جائے بلکہ فکر و عمل کے نئے نئے زاویئے بھی ابھارے جائیں۔ ان مضامین پر آپ کی آراء اور ریسپانس کا ہمیں  شدت سے انتظار رہے گا۔ آپ کے مراسلات شائع بھی کئے جائیں  گے۔

والسلام

ناشر

qr code

Please scan this UPI QR Code. After making the payment, kindly share the screenshot with this number (+91 98118 28444) so we can send you the receipt. Thank you for your donation.