ناشر کا خط

جون 2025

قارئین کرام

السلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ

آپریشن سیندور کے دوران اچانک اگلی مردم شماری کے ساتھ ذات پر مبنی مردم شماری ( کاسٹ سینسس ) کرائے جانے کی پھلجھڑی چھوڑ کر وزیر اعظم مودی نے سب کو غوطہ حیرت میں ڈال دیا۔ حیرت اس لئے بھی ہے کہ کل تک وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے سربراہ اس کے سخت مخالف تھے اور اسے ہندو سماج کی تقسیم کا شاخسانہ قرار دے رہے تھے۔ تاہم یہ بات صاف ہے کہ حکمران جماعت آنے والے بہار الیکشن میں اس کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ نوراللہ جاوید نے جہان کاسٹ سینسس کے تعلق سے متعدد سوالات کے جوابات تلاش کرنے کی کوشش کی ہے وہیں یہ جاننے کی کوشش بھی کی ہے کہ اس سے مسلمانوں کو بھی کوئی فائدہ پہونچے گا یا نہیں، وہیں  سوہاس پالشیکر اسے اپوزیشن کے ایشو کو ہڑپ کر اس انقلابی نعرہ کی کشش کو ماند کرنے کی ایک کوشش قرار دے رہے ہیں۔

چند ماہ بعد بہار کے اسمبلی انتخابات آنے والے ہیں۔ یہ انتخابات کئی اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں۔ جہاں ایک طرف حکمران این ڈی اے اتحاد کو انکمبنسی کا سامنا ہے،  وہیں دیکھنا یہ بھی ہے کہ وقف قانون میں متنازعہ ترمیمات پر نتیش کمار سے ناراض مسلمان کس حد تک اپنے ووٹوں کو مہا گٹھ بندھن کے حق میں پولا رائز کرسکتے ہیں۔ نوراللہ جاوید نے متعدد پہلووں سے ان انتخابات کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

اس شمارہ میں سینئر صحافی افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی مضامین میں آپریشن سیندوراور پہلگام دہشت گردانہ حملہ سے جڑی بہت ساری گتھیوں کو سلجھانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ ایک اور سینئر صحافی عبدالباری مسعود کا بزرگ سیاست دان یشونت سنہا سے لیا گیا دوٹوک خصوصی انٹرویو آپریشن سیندور کے پس پشت مقاصد کو جہاں طشت ازبام کرتا ہے وہیں مستقبل کے امکانات اور اندیشوں کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔

سینئر کالم نگار ڈاکٹر غطریف شہباز ندوی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ مشرق وسطی کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

بھارت کو وشو گرو بنانے کے دعوی کی قلعی اس وقت کھل گئی جب آپریشن سیندور پر کسی بھی ملک نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔ مودی حکومت کے ذریعہ ممبران پارلیمنٹ کے سات وفود کا 32 ممالک کا دورہ بھی ایک طرح سے ٹائین ٹائین فش ہی ہوکر رہ گیا ہے۔ بھارت کی ناکام خارجہ پالیسی کا دو الگ الگ زاویوں سے صحافی سہیل انجم اور عبدالباری مسعود نے جائزہ لیا ہے۔

اس شمارہ میں اور بھی بہت کچھ ہے آپ کے لئے۔ ہمیں آپ کے مشوروں اور تبصرون کا بے چینی سے انتظار رہے گا۔

والسلام

ناشر

qr code

Please scan this UPI QR Code. After making the payment, kindly share the screenshot with this number (+91 98118 28444) so we can send you the receipt. Thank you for your donation.