ناشر کا خط

جون 2024

قارئین کرام

سلام مسنون

جون کا شمارہ حاضر ہے۔ قدرے تاخیر کی وجہ لوک سبھا انتخاب کے نتائج بنے۔ ظاہر بات ہے اگر یہ شمارہ انتخابی نتائج کے تجزیہ کے بغیر آپ تک پہنچتا تو بڑی تشنگی محسوس کی جاتی۔ سرورق کی کہانی میں جہاں عبدالباری مسعود نے پورے ملک کے تناظر میں انتخابی کا نتائج کا بھرپور تجزیہ کیا وہیں مشتاق عامر نے یوپی، نہال صغیر نے مہاراشٹر اور نوراللہ جاوید نے مغربی بنگال اور بہار کے نتائج کا تفصیل سے جائزہ لیا ہے۔ ان تجزیوں سے پوری طرح ملک کا انتخابی منظرنامہ، نتائج کے پس پشت کافرما عوامل کا بھی بخوبی اندازہ ہوجائے گا نیز مستقبل کے لیے ابھرنے والے امکانات بھی ان شاء اللہ واضح ہوجائیں گے۔

اداریہ میں ان خوش آئند پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی جو آئندہ کے لیے نشان راہ متعین کرتے ہیں۔ ان انتخابات سے کئی برسوں سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے درمیان چلنے والی چپقلش بھی پوری طرح منظر عام پر آگئی۔ قاسم سید نے اپنے مضمون ” مودی۔ سنگھ ٹکراؤ کا فیصلہ کن موڑ میں تفصیل سے ان عوامل کا جائزہ لیا جو گرو اور چیلے کے درمیان ان تلخیوں کا سبب بنے اور پھر اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس کا کلائمکس کیا ہوسکتا ہے۔

غزہ کی صورت حال پر دو اہم مضامین شامل اشاعت کیے گئے۔ نامور مبصر اور تجزیہ کار ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے ” غزہ میں نسل کشی، مسلم ممالک خاموش کیوں” میں ان عوامل و محرکات کا جائزہ لیا ہے جو اس ظلم، بربریت و سفاکی پر مسلم مملک کی شرمناک خاموشی کا سبب بن رہے ہیں۔ جب کہ ڈاکٹر غطریف شہباز ندوی نے غزہ کی موجودہ صورت حال اور فلسطینیوں کی حمایت میں مغرب میں ابھرنے والی طلبہ و نوجوانوں کی جرات مندانہ حمایت کا اپنے مضمون “ر فح پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ ” میں تفصیل سے احاطہ کیا ہے۔ ایرانی صدر کی حادثاتی موت سے خطے میں پیدا ہونے والے تغیر ات پر نامور صحافی افتخار گیلانی اپنے مضمون” ایرانی صدر کی حادثاتی موت” میں روشنی ڈالی ہے۔

اس شمارہ میں دو اہم مضامین بھی شامل ہے ایک تجزیہ نگار عدیل اختر کا مضمون “ہندوستانی مسلمان فریضہٴ دعوت سے غافل کیوں”،اور دوسرا مولانا رضی الاسلام صاحب کا مضمون ” خواتین کا حق وراثت اور مسلم معاشرہ”۔ دونوں ہی مضامین پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

گذشتہ ماہ ملت کی دو اہم شخصیات نے داعی اجل کو لبیک کہا۔ ایک مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر حضرت مولانا کاکا سعید عمری اور دوسری اہم شخصیت حکومت کے کئی اہم مناصب پر فائز رہنے والے جناب موسیٰ رضا صاحب( ریٹائرڈ آئی اے ایس)۔ ان کی زندگی پر مضامین بھی ملاحظہ فرمائیں۔

والسلام

ناشر

qr code

Please scan this UPI QR Code. After making the payment, kindly share the screenshot with this number (+91 98118 28444) so we can send you the receipt. Thank you for your donation.