نیویارک میں واقع بین الاقوامی تنظیم اقوام متحدہ نے گزشتہ ستمبر میں ہوئے اپنے دو روزہ Summit of the Future (مستقبل کا سربراہی اجلاس) کے دوران حال اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک Pact of the Future (مستقبل کے لیے معاہدہ) کو منظوری دی۔ اس تاریخی دستاویز کا مقصد اقوام عالم کو بڑھتے ہوئے تنازعات، عدم مساوات اور غربت جیسے چیلنجوں سے لے کر موسمیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت تک کے معاملات سے نمٹنے کے لیے جوڑنا ہے اور دنیا کے آٹھ ارب سے زیادہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا ہے۔ 22-23 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں اس 193 رکنی عالمی ادارے نے مستقبل کے لیے معاہدے کے ساتھ ساتھ ایک Global Digital Compact (عالمی ڈیجیٹل قرار نامہ) اور Declaration on Future Generations (مستقبل کی نسلوں پر اعلامیہ) کو بھی اپنایا۔
طویل عرصے سے متوقع اس اجلاس کو “کثیرالجہتی نظام (multilateralism) کے تصور کو دوبارہ پیش کرنے والا کئی نسلوں میں ایک بار ہونے والے موقع” کے طور پر فروغ دیا جا رہا تھا- یہ خصوصی اجلاس، جو جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے ساتھ ساتھ منعقد ہوا، میں سربراہان مملکت، بین الحکومتی تنظیموں، سول سوسائٹی اور این۔جی۔اوز۔ سمیت 4,000 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس اجلاس سے قبل 20-21 ستمبر کو Action Days کے نام سے بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس نے 7,000 سے زیادہ افراد کو اپنی طرف متوجہ کیا اور جس میں ڈیجیٹل شمولیت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کے وعدے کیے گئے۔ مستقل کے لئے معاہدے کو اپنانے سے پہلے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی گزارشات اور ہزاروں شراکت داروں پر مشتمل وسیع مشاورت کی گئی تھی۔
ارادے اور اہداف
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ اس میں ہونے والا مستقل کے لئے معاہدہ کئی دہائیوں میں ہونے والا سب سے زیادہ جامع بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس میں مکمل طور پر نئے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور ان مسائل پر بھی توجہ دی گئی ہے جو طویل عرصے سے تعطل کا شکار تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بین الاقوامی ادارے ایک ایسی دنیا کو آگے بڑھانے کے لیے لیس ہوں جس میں وہ تخلیق کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ ہمارے مشاہدے میں آیا ہے، “ہم اپنے پوتے پوتیوں کے لیے موزوں مستقبل اپنے دادا دادی کے بنائے ہوئے نظام سے نہیں بنا سکتے۔”
گوٹیرس نے کہا کہ مستقبل کے لیے معاہدہ عالمی تعاون کے لیے ایک وژن ہے جو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی نظام اور قانون کے اصولوں کے لیے عالمی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔ یہ ایک ایسی دنیا کا تصور پیش کرتا ہے جہاں بین الاقوامی نظام اپنے وعدوں کو پورا کرتا ہے، آج کے عالمی تصویر کے تنوع کی عکاسی کرتا ہے اور حکومتوں، سول سوسائٹی اور دیگر اہم شراکت داروں کی اجتماعی طاقت سے مستفید ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ”عالمی ڈیجیٹل قرار نامے اور مستقبل کی نسلوں پر اعلامیہ کے ساتھ ساتھ یہ معاہدہ نئے مواقع اور غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کی پرتوں کو کھولتا ہے”۔ انہوں نے اس معاہدے کو “تمام لوگوں اور اقوام کے لیے ایک پائیدار، منصفانہ اور پر امن عالمی نظم” کی بنیاد قرار دیا۔
یہ معاہدہ امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور موسمیاتی کارروائی، ڈیجیٹل تعاون، نوجوان اور مستقبل کی نسلوں، اور انسانی حقوق اور صنفی مساوات کے وعدوں کے ساتھ اہم عالمی مسائل کی ایک طویل فہرست کا احاطہ کرتا ہے۔
امن اور سلامتی سے متعلق یہ معاہدہ سلامتی کونسل کی اصلاحات، جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ، بیرونی خلا کی گورننس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ریگولیٹ کرنے کا بھی عہد کرتا ہے۔ پائیدار ترقی اور موسمیاتی کارروائی کرنے کے لئے یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے Sustainable Development Goals (SGDs) (یعنی پائیدار ترقیاتی اہداف) کو حاصل کرنے، ترقی پذیر ممالک کی بہتر خدمت کے لیے مالیاتی اصلاحات کرنے، موسمیاتی موافقت پیدا کرنے، قابل تجدید توانائی کی منتقلی کے لیے معاونت کو تیز کرنے، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک محدود کرنے، ڈیجیٹل تعاون اور Artificial Intelligence (مصنوعی ذہانت) کے نظام کو چلانے کے لیے ایک اہم عالمی فریم ورک پر توجہ مرکوز کرنے اور فیصلہ سازی میں مستقبل کی نسلوں کا احتساب کرنے کے طریقہ کار کو متعارف کرنے کا عزم کرتا ہے۔
اتفاق رائے کا فقدان
کچھ مبصرین اس معاہدے کو ایک “ایسے سنگ میل جو تبدیلی کے لیے راستہ متعین کر سکتا ہے” کے طور پر دیکھتے ہیں، لیکن اس دستاویز کی مطابقت اور اس میں سے ہر ایک کارروائی کا انحصار اس معاملے پر ہوتا ہے جس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ معاہدے کے پہلے پیراگراف میں کہا گیا ہے: “اگر ہم راستہ نہیں بدلتے ہیں تو ہمیں مستقل میں بحران اور خرابی کا خطرہ ہے۔ کثیرالجہتی نظام جس کا مرکز اقوام متحدہ ہے موجودہ اور مستقبل کے لیے موزوں ہونا چاہیے، یعنی یہ موثر، منصفانہ، جمہوری اور آج کی دنیا کا نمائندہ، جامع، باہم مربوط اور مالی طور پر مستحکم ہونا چاہیے۔”
اگرچہ اصولی طور پر یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ اقوام متحدہ کے پورے چارٹر کا جائزہ لینا بھی ضروری ہوگا، جیسا کہ سربراہی اجلاس کے موقع پر زور دیا گیا، بنیادی معاملات پر بھی اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے درمیان کوئی اتفاق رائے نہیں ہے۔ ان حالات میں ایک حقیقی “عالمی طرز حکمرانی کی تبدیلی” اتفاق رائے سے حاصل نہیں کی جا سکتی، لیکن پھر بھی یہ مستقبل کے معاہدے پر مذاکرات کے لیے جنرل اسمبلی کے ذریعے منظور کیے گئے طریقہ کار میں شامل تھا۔
اجماع کا مسئلہ:
یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کہ یہ فیصلہ کیوں کیا گیا کہ معاہدے کو اتفاق رائے سے طے کرنا تھا۔ آخر کار جنرل اسمبلی روزانہ کی بنیاد پر ٹھوس قراردادوں پر ووٹ لیتی ہے۔ آخر میں اتفاق رائے کی ضرورت ترقی پسند ریاستوں کو کارروائی سے بچنے کا ایک آسان طریقہ بھی فراہم کرتی ہے کیونکہ اگر وہ چاہیں تو دعویٰ کر سکتے ہیں کہ کچھ تجاویز بہرحال رد کر دی جائیں گی اس لیے ان کا تعارف شروع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اگست 2022 میں گوٹیرس نے مستقبل کے سربراہی اجلاس کو “عالمی عمل کو دوبارہ زندہ کرنے اور بنیادی اصولوں پر دوبارہ عزم کرنے کا ایک نادر موقع” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ کثیرالجہتی کے فریم ورک کو مزید تیار کریں تاکہ وہ مستقبل کے لیے موزوں ہوں۔ لیکن حیرانی کی بات ہے کہ دو سال بعد منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس نے کثیرالجہتی کو دوبارہ زندہ نہیں کیا۔ کثیرالجہتی یقیناً زندہ رہی لیکن اس میں نئی روح نہیں پھونکی گئی۔ یہ سچ ہے کہ جب گٹیرس نے ستمبر 2021 میں اپنی ” ہمارا مشترکہ ایجنڈا ” رپورٹ میں سربراہی اجلاس کی میزبانی کے ارادوں کا اعلان کیا تھا تو دنیا بالکل مختلف تھی۔ اس کے بعد سے، یورپ، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں بڑے تنازعات بڑھ چکے ہیں اور موسمیاتی ایمرجنسی مزید خراب ہو گئی ہے۔
عالمی رہنماؤں کو چیلنج
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گوٹیرس نے عالمی رہنماؤں کو چیلنج دیا کہ وہ معاہدے کو نافذ کریں، بات چیت اور مذاکرات کو ترجیح دیں، مشرق وسطیٰ، یوکرین اور سوڈان میں “ہماری دنیا کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے والی جنگیں” ختم کریں، طاقتور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کریں، بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کو تیز کریں، جیواشم ایندھن سے منتقلی کو تیز کریں اور نوجوانوں کی بات سنیں اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کریں۔ لیکن بیالیس صفحات پر مشتمل اس معاہدے کے 56 اقدامات پر عمل درآمد کے لیے دنیا کی منقسم قوموں کو تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے متحد کرنا ہے ایک انتہائی مشکل کام ہے۔
مستقبل کا سربراہی اجلاس تاریخ میں ایک تبدیلی کے واقعے کے طور پر نہیں جانا جائے گا کیونکہ اس نے روس اور مغرب کے درمیان تعلقات کو استوار کرنے میں مدد کے لیے کوئی نیا ادارہ نہیں بنایا، نہ ہی اس نے اقوام متحدہ کے وسیع تر امن کے ایجنڈے کے لیے نئے اصول مرتب کئے، اور نہ ہی اس نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ایجنڈے میں جان پھونکی۔ یہ وہ اہم مسائل ہیں جن پر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے کئی رکن ممالک زور دے رہے ہیں۔ مستقبل کا سربراہی اجلاس بالآخر کسی بھی اہم طریقے سے امن اور سلامتی کی سوئی کو حرکت دینے میں ناکام رہا۔ البتہ مستقبل کے لیے معاہدے پر مذاکرات کے تحت بالآخر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر پیش رفت ہوئی، لیکن یقینا یہ صرف مستقبل کے سربراہی اجلاس تک محدود نہیں ہے- امریکی صدر جو بائیڈن نے اسے اپنے 2022 کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کا کلیدی حصہ بنایا تھا۔
افادیت پر غور
اقوام متحدہ کے اگلے سکریٹری جنرل جنوری 2027 میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے اور بلاشبہ سبق کے لیے موجودہ رہنما کے دورِ اقتدار پر نظر ڈالیں گے۔ انہیں واضح طور پر اندازہ لگانا چاہیے کہ گزشتہ چند سالوں میں ہونے والے سربراہی اجلاسوں سے کیا حاصل ہوا ہے اور محتاط رہنا چاہیے کہ اس طرح کے اجتماعات سے حاصل ہونے والے احساسات پر توجہ مرکوز نہ کریں۔ ستمبر 2023 میں Climate Ambition Summit نے مطلوبہ وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ ستمبر 2023 میں SDGs سربراہی اجلاس کے باوجود SDGs کو لاگو کرنے میں سرمایہ کاری کے میدان میں کسی تبدیلی کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور حالیہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ SDGs کے 48 فیصد اہداف اپنی مطلوبہ رفتار سے اعتدال سے شدید انحراف کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
مستقبل میں سربراہی اجلاسوں کا ایک کردار ہو سکتا ہے۔ یقیناً یہ عالمی رہنماؤں کی سیاسی توجہ اور توانائی کو مرکوز کرنے کا ایک طریقہ اور کچھ وعدوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ لیکن یہ بات قابل غور ہے کہ کیا summitry (سربراہی اجلاس بلانے کا عمل) ایک ایسا آلہ ہے جو تیزی سے غیر موثر ہوتا جا رہا ہے۔
اگلے سکریٹری جنرل کے لئے یہ دانشمندی کی بات ہوگی کہ وہ مستقبل میں اقوام متحدہ کی دنیا کو ہمہ گیر سربراہی اجلاسوں میں گھسیٹنے سے گریز کریں اور اقوام متحدہ کے کام اور کثیرالجہتی کے عمل کو جاری رکھیں۔ اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاسوں کا تصور ہمیشہ موجود رہے گا اور اگر جغرافیائی سیاسی تناؤ اجازت دیں تو نتیجہ خیز نتائج کی امید میں منصوبہ بندی کے لیے تیار رہے گا۔