مولانا ندیم احمد انصاری
خلاصۂ کائنات، فخرِ موجودات، سید المرسلین، خاتم النبیین، احمد مجتبیٰ، محمد مصطفیٰ ﷺ کا ذکرِ مبارک اور آپ کی خدمت میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کرنا نہ صرف ہمارا فریضہ بلکہ عین سعادت ہے۔ اس مبارک عمل کی اس سے بڑھ کر کیا فضیلت ہوگی کہ خود باری تعالیٰ اور معصوم فرشتے بھی آپ ﷺپر درود بھیجتے ہیں۔قرآن مجید میں آیا ہے:إِنَّ اللَّـهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يٰا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا۔﴿٥٦﴾ بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے رہتے ہیں، اے ایمان والو (تم بھی) پیغمبر پر درود وسلام بھیجتے رہو۔[سورۃ الاحزاب] مقصود اس آیتِ مبارکہ سے یہ ہے کہ رسول اللہﷺ کی قدر ومنزلت، عزت اور مرتبت لوگوں کے سامنے واضح ہو جائے، وہ یہ جان لیں کہ خود اللہ سبحانہ وتعالیٰ آپ کا ثنا خواں ہے اور اُس کے فرشتے آپ ﷺپر درود بھیجتے رہتے ہیں۔ ملأ اعلیٰ کی یہ خبر دے کر اب زمین والوں کو حکم دیا جا رہا ہے کہ تم بھی رسول اللہﷺپر درود و سلام بھیجا کرو تاکہ عالمِ علوی اور عالمِ سفلی کے لوگوں کا اس پر اجماع ہو جائے۔[تفسیر ابن کثیر]
تمام فکریں اور گناہ دور کرنے کا وظیفہ
درود شریف ایسی اعلیٰ نیکی ہے کہ اگر نوافل میں صرف اسی کا اہتمام کر لیا جائےتو انسان کے لیے کافی ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ اُبی بن کعب رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں آپ پر بہ کثرت درود بھیجتا ہوں، لہٰذا اس کے لیے کتنا وقت مقرر کروں؟ آپ ﷺنے فرمایا: جتنا چاہو! میں نے عرض کیا: اپنی عبادت کے وقت کا چوتھا حصہ مقرر کرلوں؟ آپ ﷺنے فرمایا: جتنا چاہو کرلو، لیکن اگر اس سے زیادہ کرو تو بہتر ہے! میں نے عرض کیا: آدھا؟ آپ ﷺ نے فرمایا: جتنا چاہو کر لو، لیکن اس سے بھی زیادہ کرو تو بہتر ہے! میں نے عرض کیا: دو تہائی؟ آپ ﷺنے فرمایا: جتنا چاہو کر لو،لیکن اگر اس سے بھی زیادہ ہو تو بہتر ہے! میں نے عرض کیا: تو پھر میں اپنے وظیفے کے پورے وقت میں آپ پر درود پڑھا کروں گا! آپ ﷺ نے فرمایا: پھر اس سے تمھاری تمام فکریں دور ہوجائیں گی اور تمھارے گناہ معاف کر دیےجائیں گے۔
عَنِ الطُّفَيْلِ بْنِ أُبَيِّ بْنِ كَعْبٍ، عَنْ أَبِيهِ، قَالَ: كَانَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ إِذَا ذَهَبَ ثُلُثَا اللَّيْلِ قَامَ، فَقَالَ: يَا أَيُّهَا النَّاسُ اذْكُرُوا اللَّهَ، اذْكُرُوا اللَّهَ جَاءَتِ الرَّاجِفَةُ تَتْبَعُهَا الرَّادِفَةُ جَاءَ الْمَوْتُ بِمَا فِيهِ جَاءَ الْمَوْتُ بِمَا فِيهِ، قَالَ أُبَيٌّ: قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، إِنِّي أُكْثِرُ الصَّلَاةَ عَلَيْكَ فَكَمْ أَجْعَلُ لَكَ مِنْ صَلَاتِي ؟ فَقَالَ: مَا شِئْتَ، قَالَ: قُلْتُ: الرُّبُعَ ؟ قَالَ: مَا شِئْتَ فَإِنْ زِدْتَ فَهُوَ خَيْرٌ لَكَ، قُلْتُ: النِّصْفَ ؟ قَالَ: مَا شِئْتَ فَإِنْ زِدْتَ فَهُوَ خَيْرٌ لَكَ، قَالَ: قُلْتُ: فَالثُّلُثَيْنِ ؟ قَالَ: مَا شِئْتَ فَإِنْ زِدْتَ فَهُوَ خَيْرٌ لَكَ، قُلْتُ: أَجْعَلُ لَكَ صَلَاتِي كُلَّهَا، قَالَ:إِذًا تُكْفَى هَمَّكَ وَيُغْفَرُ لَكَ ذَنْبُكَ.[ترمذی]
درود و سلام کی فضیلت
مشہور حدیث ہے کہ جو شخص ایک مرتبہ درود شریف پڑھتا ہے، اس پر دس رحمتیں نازل ہوتی ہیں، یہ روایت نسائی شریف میں وارد ہوئی ہے۔عبداللہ بن ابوطلحہ سے روایت ہے، ایک دن رسول اللہ ﷺ تشریف لائے تو آپ کے چہرۂ انور پر خوشی محسوس ہو رہی تھی۔ ہم لوگوں نے عرض کیا:اے اللہ کے رسول! ہم آپ کے چہرۂ مبارک پر خوشی کے آثار محسوس کر رہے ہیں! آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: بلاشبہ میرے پاس فرشتہ حاضر ہوا اور عرض کیا کہ اے محمد! اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: کیا آپ خوش نہیں ہیں کہ جو شخص آپ پر ایک مرتبہ درود بھیجے گا، میں اُس پر دس مرتبہ رحمت بھیجوں گا اور جو شخص ایک مرتبہ سلام بھیجے گا، میں اُس پر دس مرتبہ سلام بھیجوں گا۔عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي طَلْحَةَ، عَنْ أَبِيهِ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ جَاءَ ذَاتَ يَوْمٍ وَالْبُشْرَى فِي وَجْهِهِ، فَقُلْنَا: إِنَّا لَنَرَى الْبُشْرَى فِي وَجْهِكَ، فَقَالَ: إِنَّهُ أَتَانِي الْمَلَكُ، فَقَالَ: يَا مُحَمَّدُ، إِنَّ رَبَّكَ، يَقُولُ: أَمَا يُرْضِيكَ أَنَّهُ لَا يُصَلِّي عَلَيْكَ أَحَدٌ إِلَّا صَلَّيْتُ عَلَيْهِ عَشْرًا، وَلَا يُسَلِّمُ عَلَيْكَ أَحَدٌ إِلَّا سَلَّمْتُ عَلَيْهِ عَشْرًا.(نسائی) اور حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجے گا، اللہ تعالیٰ اُس پر دس مرتبہ رحمت بھیجے گا، اُس کے دس گناہ معاف ہوں گے اور دس درجات بلند ہوں گے۔حَدَّثَنَا أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ:مَنْ صَلَّى عَلَيَّ صَلَاةً وَاحِدَةً صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ عَشْرَ صَلَوَاتٍ وَحُطَّتْ عَنْهُ عَشْرُ خَطِيئَاتٍ وَرُفِعَتْ لَهُ عَشْرُ دَرَجَاتٍ. [نسائی]
سو حاجتیں پوری ہوں گی
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے مجھ پر دن میں سو مرتبہ درود بھیجا، اللہ تعالیٰ اُس کی سو حاجتیں پوری فرمائیں گے؛ان میں سے ستر آخرت اور تیس دنیا سے متعلق ہوں گی۔من صلى علي في يوم مائة مرة قضى اللہ له مائة حاجة سبعين منها لآخرته وثلاثين منها لدنياه.عن جابر.[کنزالعمال]
فرشتوں کی دعا لینے کا نسخہ
درود شریف پڑھنے والے کو فرشتوں کی بھی دعائیں حاصل ہوتی ہیں۔ حضرت عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، حضرت نبی کریمﷺ نے فرمایا: جو مسلمان بھی مجھ پر درود بھیجے، فرشتے اس کے لیے اُس وقت تک دعاے رحمت کرتے رہتے ہیں جب تک وہ مجھ پر درود بھیجتا رہے، اب اُسے اختیار ہے زیادہ درود بھیجے یا کم۔ عَنْ عَاصِمِ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ، قَالَ: سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عَامِرِ بْنِ رَبِيعَةَ، عَنْ أَبِيهِ، عَنِ النَّبِيِّ ﷺ قَالَ: مَا مِنْ مُسْلِمٍ يُصَلِّي عَلَيَّ إِلَّا صَلَّتْ عَلَيْهِ الْمَلَائِكَةُ مَا صَلَّى عَلَيَّ، فَلْيُقِلَّ الْعَبْدُ مِنْ ذَلِكَ، أَوْ لِيُكْثِرْ.[ابن ماجہ]
علامہ جزریؒ کا مجرّب عمل
سچ تو یہ ہے کہ حضور سرورِ کائنات ﷺ پر درود کے علاوہ بھی آپ کا ہر نوع کا ذکر خیر و برکات کا باعث اور ہر طرح کی مصیبت و پریشانی اور غم و ہم سے نجات دینے والا ہے۔ اکابر علما اس کا خوب تجربہ اور تصدیق فرما چکے ہیں۔ علامہ محمد بن جزریؒنے مسنون دعاؤں و اذکار کا مجموعہ’ حصنِ حصین‘ مرتب کیا تو اس کے دیباچے میں تحریر فرمایا کہ ’میں نے اس کے انتخاب اور جمع کرنے میں مخلوق کی خیر خواہی کو پورے طور پر صَرف کیا ہے اور صحیح حدیث کی کتابوں سے جمع کیا ہے اور ہر سختی اور مصیبت کے وقت اس دعاؤں کے مجموعے کو مصیبتوں کے مقابلے کا سامان بنا کر پیش کیا ہے اور جن و انس کے شر سے بچنے کے لیے اس کو سند وغیرہ سے الگ کر کے ایک سپر بنایا ہے اور میں خود بھی اس نا گہانی مصیبت سے بچنے کے لیے-جو مجھ پر آئی- اس مضبوط قعے میں قلع نشین اور پناہ گزین ہوا ہوں۔ [حصنِ حصین ملخصاً]
بخاری شریف کا ختم
اسی طرح ’ختمِ بخاری شریف‘ پر دعاؤں کی قبولیت بھی برزگوں کے یہاں مجرب ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ دفعِ مصائب وبلیّات کے لیے بخاری شریف ختم کرکے جو دعائیں مانگی جاتی ہیں اس کا قرآن وحدیث میں کوئی ثبوت نہیں اس لیے یہ بدعت ہے، جب کہ دفعِ مصائب کے لیے جو ختم کیا جاتا ہے- مثلاً سوالاکھ مرتبہ کلمۂ طیبہ یا آیت الکرسی کا پڑھنا یا بخاری شریف کا ختم کرکے دعا مانگنا- یہ بہ طور علاج ہے ، اس کے لیے قرآن وحدیث سے ثبوت ضروری نہیں ہے، جیسے حکیم نسخے میں لکھتے ہیں: ’عُناب ۵؍ دانہ ، بادام ۷؍ دانہ‘ کہ تجربات سے ثابت ہیں،اس کے لیے قرآن وحدیث سے ثبوت طلب کرنا بے محل ہے، اور جب اِس ختم کی شان مُعالَجے کی ہے، تعبُّد وعبادت کی نہیں تو یہ بدعت نہیں ، بلکہ اس کو بدعت کی حد میں لانا بدعت ہے، بالخصوص جب کہ اس کی اصل بھی موجود ہے کہ ذکرِ خیر کے بعد دعا قبول ہوتی ہے اور بخاری شریف کے کلماتِ خیر پر مشتمل ہونے میں کس کو شبہ ہے، لہٰذا دفعِ مصائب وبلیّات کے لیے بخاری شریف کا ختم کرکے دعائیں مانگنا درست ہے۔[فتاویٰ محمودیہ ]
مختصر یہ کہ مصیبت میں بخاری شریف کا ختم کرنا قرون بالخیر میں نہیں تھا، مگر متاخرین علما نے اس کو جائز کہا ہے۔ [فتاویٰ حقانیہ ]فقیہ النفس حضرت مولانا رشید احمد گنگوہیؒ تحریر فرماتے ہیں کہ’ قرونِ ثلاثہ میں بخاری شریف تالیف (ہی) نہیں ہوئی تھی(تو ختم کا ثبوت کیسے ہوگا)، مگر اس کا ختم درست ہے کہ ذکرِ خیر کے بعد دعا قبول ہوتی ہے۔ اس کا اصل شرع سے ثابت ہے، بدعت نہیں‘۔ [تالیفاتِ رشیدیہ]
حضرت تھانویؒ کا تجربہ
حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ نے ’نشر الطیب فی ذکر النبی الحبیبﷺ‘ کے نام سے خلاصۂ کائنات ﷺ کی سیرتِ مبارکہ تالیف فرمائی تو وجہِ تالیف یہ بیان کی کہ ’آج کل فتنِ ظاہری جیسے طاعون اور زلزلہ و گرانی و تشویشاتِ مختلفہ کے حوادث سے عام لوگ اور فتنِ باطنی جیسے شیوعِ بدعات و الحاد و کثرتِ فسق و فجور سے خاص لوگ پریشانِ خاطر اور مشوِش رہتے ہیں، ایسے آفات کے اوقات میں علماے امت ہمیشہ جناب رسول اللہ ﷺ کی تلاوتِ احادیث و تالیفِ روایات اور نظمِ مدائح و معجزات اور تکثیرِ سلام و صلوٰۃ سے توسّل کرتے رہے ہیں، چناں چہ ’بخاری شریف کے ختم‘ کا معمول اور ’حصنِ حصین‘ کی تالیف اور ’قصیدہ[بُردہ]‘ کی تصنیف کی وجہ مشہور و معروف ہے۔۔۔اسی وجہ سے احقر آج کل درود شریف کی کثرت کو اور وظائف سے ترجیح دیتا ہے اور اس کو اطمینان کے ساتھ مقاصدِ دارین کے لیے زیادہ نافع سمجھتا ہے اور اس کے متعلق ایک علمِ عظیم کہ اب تک مخفی تھا ذوقی طور پر ظاہر ہوا ہے- ابتداے رسالہ سے اس وقت تک یہ قصبہ ہر بلا سے محفوظ ہے۔ بالخصوص امسال تمام بلاد و امصار و قری میں طاعون کا اشتداد اور امتداد رہا، اکثر جگہ رمضان کے بعد سے شروع ہوا ہے اور اس وقت تک کہ ساتواں مہینہ ہے امن نہیں ہوا، مگر بفضلہٖ تعالیٰ یہاں خود کچھ بھی اثر نہیں ہوا- میرا یقین پہلے تھا کہ یہاں طاعون نہ ہوگا، اب بعد مشاہدے کے ظاہر کرتا ہوں کہ وہ خیال میرا کہ اس کی یہ برکت ہوگی، صحیح ہوا۔[نشر الطیب]
مذکورہ بالا تفصیلات و تصریحات اور اکابر علما کے تجربات کی روشنی میں عرض ہے کہ اس وقت پوری عالمِ انسانیت عموماً اور امتِ مسلمہ خصوصاً جن مشکل حالات سے دو چار ہے، ایسے میں اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے اور حضورﷺ کی سیرتِ مبارکہ اور آپ پر درود شریف کا خصوصی اہتمام لازم پکڑنا چاہیے۔ ظاہری اسباب کے ساتھ باطنی اسباب کا اختیار کرنا لازم اور ضروری ہے۔